Mar ۱۵, ۲۰۱۷ ۲۳:۴۳ Asia/Tehran
  • حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا حجت خدا ہیں

تحریر : حسین اختر رضوی

فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام فرماتے ہیں: " نَحنُ حُجَجُ اللَّہ عَلَى خَلقِہ وَ جَدَّتُنَا فَاطِمَة حُجّة اللَّہ عَلَینا " ہم لوگوں پر اللہ کی حجتیں ہیں اور ہماری جدہ ماجدہ فاطمہ ہمارے اوپر حجت ہیں۔

اس روایت میں بہت ہی دقیق معنی پوشیدہ ہیں۔ جب رجعت کا زمانہ آئے گا اور اہل بیت علیہم السلام کی عالمی حکومت قائم ہوگی اور برس ہا برس اہل بیت علیہم السلام روئے زمین پر حکومت کریں گے اس دوران حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حجت نمایاں ہوگی۔ امام حسن عسکری علیہ السلام جو یہ فرما رہے ہیں کہ ہماری دادی فاطمہ زہرا ہمارے اوپر حجت ہیں اس کے معنی یہ ہیں کہ اس زمانے میں عالم وجود کی ملکہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا ہوں گی۔ البتہ پیغمبر اسلام  صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم، امیر المومنین اور دیگر ائمہ معصومین علیہم السلام کے زمانے میں بھی جناب زہرا سلام اللہ علیہاحجت خدا رہی ہیں لیکن امام زمانہ علیہ السلام کے دور میں آپ کی حجیت آپ کے صحیفہ ” مصحف فاطمہ " کے ذریعہ خاص طور پر نمایاں ہوتی ہے اور اسی طرح رجعت کے زمانے میں بھی ۔

آخر مصحف فاطمہ ہے کیا؟ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت کے بعد جبرئیل امین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر نازل ہوتے تھے اور کچھ اسرار و رموز کی انہیں تعلیم دیا کرتے تھے اور امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام ان کی کتابت کرتے تھے یہ اسرار و رموز مصحف فاطمہ کے نام سے معروف ہے اور ائمہ معصومین علیہم السلام کے علاوہ کسی کو اس تک رسائی نہیں ہے اور اس وقت یہ صحیفہ امام مہدی ارواحنا لہ فداہ کے پاس ہے ۔

سلام پر صدیقہ طاہرہ ، سلام بر ذکیہ مرضیہ

ٹیگس