Mar ۱۸, ۲۰۱۷ ۲۳:۴۸ Asia/Tehran
  • جمہوریہ آذربائیجان میں عید نوروز کی رسومات

تحریر: نوید حیدر تقوی

جمہوریہ آذربائیجان میں عید نوروز، قومی اور سرکاری عید کے طور پر منائی جاتی ہے اور اس ملک کے عوام کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہے۔آذربائيجان میں نوروز کی روایتی تقریبات خاص اہتمام اور تفصیل کے ساتھ منائی جاتی ہیں۔ نوروز قدیم ایام سے آذربائيجان میں منایا جاتا ہے اور اس ملک کے عوام اپنے بعض انسان دوستانہ اور خیر خواہانہ احساسات کو جشن نوروز سے مربوط سمجھتے ہیں۔ آذربائیجان کے عوام کی نظر میں نوروز، زراعت میں فراوانی، تندرستی، برکت و نعمت میں اضافے کی عید ہے۔ آذربائیجان میں نوروز کی تقریبات نوروز سے ایک مہینے قبل سے شروع ہوجاتی ہیں اور ان ایام میں مختلف قسم کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ آذربائیجان کے عوام، ہجری شمسی سال کے آخری مہینے میں آنے والے چاروں بدھ کو خاص قسم کی تقریبات منعقد کرتے ہیں اور جشن مناتے ہیں۔ ان بدھ والےچاروں دنوں کو پانی کا بدھ، آتش کا بدھ، ہوا کا بدھ اور مٹی کا بدھ، کا نام دیا جاتا ہے۔ آذربائیجان کے عوام ہر بدھ کو اپنے خاص اعتقادات کے مطابق تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ نوروز کی آمد کے ساتھ ہی آذربائیجان میں مختلف قسم کی نمائشوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، اس سے ملتی جلتی نمائشیں ایران میں بھی برپا کی جاتی  ہیں۔ ان میں سے معروف ترین نمائش کوسا – کوسا ہے۔ اس نمائش کو دو یا تین افراد کی جانب سے انجام دیا جاتا ہے۔ اس کی صورت کچھ اس طرح ہوتی ہے کہ لکڑی کی ایک چھوٹے بکرے کی شہبیہ بنائی جاتی ہے اور اس کو لباس پہنایا جاتا ہے۔ پھر اس کو ہاتھ میں لیکر رقص کروایا جاتا ہے، شعر پڑھے جاتے ہیں، گھر گھر جایا جاتا ہے اور لوگوں سے لباس، گندم، مرغی کے انڈے اور روٹی دریافت کی جاتی ہے۔ کوسوں کے آنے کے ساتھ ہی محلوں کے بچے ان کے ساتھ ہولیتے ہیں اور خوب شور و غل کے ساتھ خوشی مناتے ہیں۔

 

 

 

ٹیگس