Apr ۲۴, ۲۰۱۷ ۲۳:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران کے دیہی سیاحتی علاقے: کرکبود گاؤں

ترجمہ و تلخیص: م۔ ہاشم

” کرکبود“ ایران کے طالقان شہر کا ایک قابل دید پہاڑی سیاحتی گاؤں ہے۔ طالقان، دارالحکومت تہران کے شمال مغرب میں واقع صوبۂ البرز کا ایک اہم شہر ہے۔ ایران کے دیگر پہاڑی دیہات کی طرح کرکبود گاؤں کی آب و ہوا بھی گرمیوں میں معتدل اور سردیوں میں سرد اور خشک ہوتی ہے۔ مذکورہ گاؤں کے مختلف علاقوں میں چوتھی اور پانچویں صدی ہجری سے متعلق مٹی کے برتنوں کی دریافت کرکبود گاؤں کی طویل تاریخ کی غماز ہے۔

کرکبود گاؤں کے قابل دید اور سیاحتی و زیارتی مقامات میں امام زادے حضرت زید ابراہیم کا مقدس مقبرہ خاص طور سے قابل ذکر ہے جوگاؤں کے وسط میں واقع ہے۔ روایت کے مطابق حضرت زید ابراہیم حضرت امام موسی کاظم (ع) کی اولاد میں سے ہیں۔

کرکبود گاؤں کے دیگر قابل دید مقامات میں ایک تاریخی حمام ہے جو گاؤں کے مغربی حصے میں واقع ہے۔ اس حمام کا تعلق قاجاری دور سے ہے۔ اس گاؤں میں خوبصورت ” کرکبود آبشار“ بھی واقع ہے جو مسافروں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ یہ آبشار گاؤں سے 700 میٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ اس خوبصورت اور قابل دید آبشار کی بلندی 5 میٹر سے زیادہ ہے۔ علاوہ ازیں، کرکبود گاؤں کے شمال میں گلیشیئر بھی واقع ہیں جو گاؤں کی خوبصورتی اور دل کشی میں چار چاند لگا دیتے ہیں۔ یہ گلیشیئر گرمیوں کے لئے پانی کا ذخیرہ کرنے میں اہم کردار کے حامل ہیں۔

 (بشکریہ فارسی ہفت روزہ جریدہ ”اطلاعات ہفتگي“۔ تہران)

 

ٹیگس