Apr ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  •  دس ہزار غیر ملکی بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع

ایران کے وسطی شہرکاشان میں غیر ملکی بچوں کو پولیو مہم میں شامل کرلیا گیا ہے اور انہیں بھی پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

 کاشان کی میڈیکل یونیورسٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ کاشان میں پانچ سال سے کم عمر کے دس ہزار غیرملکی بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کرکے انہیں پولیو سے مکمل طور پر بچانے کے پروگرام کا حصہ بنالیا گیا ہے۔
کاشان کی میڈیکل یونیورسی کے سربراہ ابراہیم کوچکی نے بچوں کو پولیو کے خطرات سے بچانے کی مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہاکہ پولیو کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے مقصد سے انسداد پولیو مہم اور بچوں کو پولیوسے مکمل طور پر محفوظ رکھنے کی کارروائیوں کے تحت انسداد پولیو مہم کی ایک سو دس ٹیمیں اس مشن پر کام کررہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کا ایک اور مقصد ایران کو پولیو سے پاک بنادینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوہزار ایک کے بعد سے ایران میں بچوں کے اندر پولیو کے کسی وائریس کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیو کی بیماری صرف پاکستان، افغانستان اور نائیجیریا میں مقامی طور پر پائی جاتی ہے۔
پولیو کی بیماری ایک وائرل بیماری ہے جو اعصاب کو متاثر کرتی ہے اور اس کے نتیجے میں انسان کا پورا جسم یا پھر جسم کا کچھ حصہ مفلوج ہوجاتا ہے۔