Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • اسلامی ملکوں کے شہروں کے میئرز کا  پہلا اجلاس

اسلامی ملکوں کے میئروں کا پہلا اجلاس مشہد مقدس میں شروع ہو گیا جس میں اسلامی ملکوں کے انسٹھ شہروں کے بلدیاتی محکموں کے سربراہ یا میئر شریک ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ عالم اسلام کے بلدیاتی محکموں کے سربراہوں یا میئروں کا یہ اجلاس منگل کی سہ پہر عالم اسلام کے ثقافتی دارالحکومت مشہد مقدس میں شروع ہوا ہے جس میں اسلامی ملکوں کے چالیس شہروں اور ایران کے انیس شہروں کے میئر شریک ہیں-

عالم اسلام کے میئروں کے اس اجلاس میں ستائیس اسلامی ملکوں کے چالیس شہروں کے میئر شریک ہیں جن میں پاکستان سے لے کر ملائیشیا اور مراکش تک کے اسلامی ملکوں کے  شہروں کے میئر شامل ہیں-

اپنی نوعیت کا یہ پہلا اجلاس ہے جو مشہد مقدس میں منعقد ہوا ہے- یہ اجلاس بدھ کو بھی جاری رہے گا- اجلاس سے قبل نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے مشہد مقدس کے میئر صولت مرتضوی نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد اسلامی شہروں کا انتظام و انصرام چلانے کے لئے نوجوان نسل کو آمادہ کرنا اور اسلامی  شہروں کے عوام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہے-