Dec ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے درمیان ثقافتی میدانوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ تمام میدانوں بالخصوص ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

اسلام آباد میں ایرانی فلموں کے پانچ روزہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ اس طرح کے فیسٹیول کے انعقاد سے پاکستان کے عوام، ایران کی ثقافت اور ہنر سے زیادہ آشنائی حاصل کر سکیں گے-

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے اسلامی معاشرے میں ہالیوڈ کی غیراخلاقی فلموں کی نمائش اور پروڈکشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کنبہ، اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے اور اسلامی اور قومی اقدار کی حفاظت اور حمایت کی کوشش کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے کے معیاروں اور قدروں کے مطابق فلم تیار اور ان کا تبادلہ کر کے نوجوانوں کو اسلامی تہذیب و تعلیمات سے پوری مضبوطی کے ساتھ وابستہ رکھا جا سکتا ہے-

اسلام آباد میں پانچ روزہ ایرانی فلم فیسٹیول ایران کے خانہ فرہنگ اور پی این سی اے یا پاکستان نیشنل سینٹر فار آرٹ کے تعاون سے شروع ہوا ہے-

افتتاحی تقریب میں پاکستان کی وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات محترمہ مریم اورنگ زیب اور پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے شرکت کی-

اس موقع پر سینما اور فن و آرٹ  کے شائقین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی-

ٹیگس