Feb ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • دنیا کے سب سے بڑے

دنیا کے سب سے بڑے شاہنامے کی چھے سال تک کتابت کے بعد نئی دہلی میں رونمائی کی گئی۔

ایران کے معروف اور شہرہ آفاق شاعر ابوالقاسم فردوسی کے سب سے بڑے شاہنامے کی گذشتہ چھے سال سے کتابت ہورہی تھی اور اس کا وزن بتیس کلوگرام ہے ۔ اس شاہنامے کی دہلی میں رونمائی کی گئی ۔ ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ دنیا کے اس سب سے بڑے شاہنامے میں لگنے والے مٹیریل منجملہ کاغذ ، جلد اور اس کا صندوقچہ سب کے سب ہاتھی کے دانت کے ہیں جس ہندوستانی اور ایرانی فنکاروں کی اعلی صلاحیتوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ صندوقچہ کے بغیر اس کتاب یعنی شاہنامہ فردوسی کا وزن بتیس کلوگرام ہے اس کی لمبائی نوے اور چوڑائی پچاس سینٹی میٹر ہے۔ اس شاہنامے کی کتابت ہندوستان کے معروف خطاط شمیم احمد کی ہے۔  سب سے بڑے شاہنامہ فردوسی کی تقریب رونمائی میں ہندوستان میں ایران کے سفیر، ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اور فارسی زبان و ادب کے اساتذہ اور دیگر شائقین موجود تھے۔ ایران کے عظیم شاعر حکیم ابوالقاسم فردوسی نو سو چالیس عیسوی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اسّی سال کی اپنی حیات میں فارسی زبان و ادب میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ اپنی انہی کاوشوں کے تحت انہوں نے ایران کا عظیم الشان قومی سرمایہ شاہنامہ تخلیق کیا- شاہنامہ فردوسی پچاس ہزار بیتوں پر مشتمل ہے جس میں ایران کے قدیم شہنشاہوں اور پہلوانوں اور تاریخ کی داستان بیان کی گئی ہے۔