Nov ۲۶, ۲۰۲۰ ۰۶:۰۳ Asia/Tehran
  • کرنسی نوٹوں کے لین دین سے نہ گھبرائیں، کوویڈ- 19 کی منتقلی کا خطرہ کم ہوتا ہے

ایک نئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرنسی نوٹوں سے کسی فرد میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کوویڈ- 19 کی منتقلی کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے۔

یہ تحقیق برطانیہ میں کی گئی ہے جس میں دیکھا گیا تھا کہ یہ وائرس کرنسی نوٹوں پر کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے۔

بینک آف انگلینڈ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ وبا کے آغاز سے کرنسی نوٹوں استعمال میں ڈرامائی کمی آئی اور اس کی وجہ یہ خوف تھا کہ ان سے وائرس لوگوں میں منتقل ہوسکتا ہے۔

تاہم تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کرنسی نوٹوں سے کورونا وائرس کا خطرہ کسی دکان میں وائرل ذرات والی ہوا میں سانس لینے، کسی آلودہ چیز کو چھونے کے مقابلے میں بہت کم ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران کورونا وائرس کی اتنی زیادہ مقدار کو استعمال کیا گیا جو کسی مریض کی جانب سے براہ راست کھانسی یا چھینکنےسے نوٹوں پر ہوسکتی ہے۔

تحقیق کے لیے 10 پاؤنڈ کے کاغذی اور پولیمر نوٹوں کو استعمال کیا گیا تھا اور وائرس سے آلودہ کرنے کے بعد انہیں کمرے کے درجہ حرارت میں رکھ کر لگاتار ٹیسٹ کیے گئے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پہلے گھنٹے میں تو وائرس کی سطح مستحکم رہی مگر اگلے 5 گھنٹوں میں وہ بہت تیزی سے تنزلی کا شکار ہوا اور 24 گھنٹے بعد دونوں طرح کے نوٹوں پر یہ مقدار ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی۔

تحقیق کے مطابق نوٹوں کے مقابلے میں دیگر اشیا کی سطح لوگوں کے لیے کووڈ کا خطرہ زیادہ بڑھاتی ہے۔

بینک آف برطانیہ کے نتائج اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والی تحقیق سے کافی مختلف ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ نیا کورونا وائرس کرنسی نوٹوں، گلاس اور دیگر عام اشیا کی سطح پر ہفتوں تک متعدی رہ سکتا ہے۔

تحقیق کے نتائج میں کاغذی نوٹوں، ٹچ اسکرین ڈیوائسز اور دیگر عام اشیا سے لوگوں کو لاحق خطرات پر روشنی ڈالی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اسٹین لیس اسٹیل پر 20 ڈگری درجہ حرارت پر یہ وائرس 5.96 دن، 30 ڈگری پر 1.74 دن اور 40 ڈگری پر 4.86 گھنٹے تک زندہ رہتا ہے۔

کاغذی نوٹ پر یہ وائرس 20 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر 9.13 دن، 30 ڈگری پر 4.32 دن اور 40 ڈگری پر 5.39 گھنٹے تک زندہ رہتا ہے۔

اس کے مقابلے میں گلاس پر 20 ڈگری سینٹی گریڈ پر یہ وائرس 6.32 دن، 30 ڈگری پر 1.45 دن اور 6.55 گھنٹے تک موجود رہتا ہے۔

کاٹن پر 20 سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر یہ وائرس 5.57 دن، 30 سینٹی گریڈ پر 1.65 دن اور 40 ڈگری پر فوری طور پر ختم ہوجاتا ہے۔

پلاسٹک کے نوٹوں پر وائرس کی زندگی بالترتیب 9.13 دن، 4.32 دن اور 5.39 گھنٹے تک ہوتی ہے۔

 

ٹیگس