Mar ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۱:۳۳ Asia/Tehran
  • ایشیا کپ، پاکستان اور بنگلہ دیش فائنل تک پہنچنے کے لیے آج ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گے

پاکستان ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں آج اہم ترین میچ بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔

گرین شرٹس کو فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے لازمی فتح درکار ہے، شکست کی صورت میں اسے واپسی کا راستہ دیکھنا ہو گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر بنگلہ دیش چار پوائنٹس کے ساتھ بہتر پوزیشن میں ہے، اس میچ میں فتح اسے فائنل میں پہنچا دےگی۔

بنگلہ دیشی ٹیم نے ایونٹ میں تین میچز کھیلے، دو جیتے اور ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پاکستانی ٹیم نے دو میچ کھیلے، ایک جیتا اور ایک میں اسے ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔

پاکستان کی ٹیم کو بیٹنگ لائن میں مشکلات کا سامنا ہے، ٹاپ آرڈر کی غیر ذمہ دارنہ بیٹنگ کی وجہ سے پہلے میچ میں اسے ہندوستان سے شکست کھانی پڑی اور دوسرے میچ میں یو اے ای کیخلاف میچ میں بھی ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ہوئی البتہ شعیب ملک اور عمر اکمل کی ناقابل شکست اننگز نے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر مشرفی مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف فتح سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، کھلاڑی اب پاکستانی ٹیم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے سات میں پاکستان نے اور ایک میں بنگلہ دیش نے کامیابی حاصل کی ہے۔ آج کے میچ میں بنگلہ دیش کو ہوم گراونڈ اور کراؤڈ کا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہے ۔

ٹیگس