Mar ۱۶, ۲۰۱۶ ۰۷:۱۹ Asia/Tehran
  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں میزبان ہندوستان کی شکست
    ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں میزبان ہندوستان کی شکست

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر ٹین کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو سینتالیس رن سے شکست دے دی۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کیویز کے ہاتھوں ہندوستان کی یہ پانچویں شکست ہے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا یہ میچ یک طرفہ ثابت ہوا جس میں نیو زی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو میچ میں فتح کے لئے ایک سو ستّائیس رن کا ہدف دیا جس میں کورے اینڈرسن چونتیس، لیوک رونچی اکّیس اور میشل سینٹنر اٹھارہ رن بنا کر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی پوری ٹیم اناسی رن پر ہی آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان کے کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔ کپتان ایم ایس دھونی تیس، ویرات کوہلی تئیس اور اشوین دس رنز بنا کر نمایاں رہے، باقی کوئی بھی بیٹسمین دوہرا فیگر حاصل نہ کر سکا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر مچل جوزف سینٹنر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئے چار اوورز میں صرف گیارہ رن دے کر چار قیمتی وکٹ حاصل کئے، یہ ان کے کیرئر کی بہترین بولنگ ہے جبکہ میکولم نے دو وکٹ حاصل کئے۔ مچل جوزف سینٹنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا پہلا میچ آج بنگلہ دیش کی ٹیم سے ہو گا۔ دونوں ٹیمیں اس فارمیٹ میں نو مرتبہ مدمقابل آئی ہیں جن میں پاکستان نے سات اور بنگلہ دیش نے دو میچ جیتے ہیں۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان یہ میچ کولکتہ میں ہو گا جبکہ آج ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا میچ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

ٹیگس