Jun ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۵ Asia/Tehran
  • چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد پاکستان چھٹے نمبرپر

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد پاکستان نے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے لیے پوزیشن مستحکم کر لی۔

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر تھی تاہم جنوبی افریقہ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی کے بعد 2 درجہ ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ اس نے فائنل میں فیورٹ ہندوستان کو شکست دے کرورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 95 ہو گئی ہے اور اسے ساتویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش سے ایک جبکہ آٹھویں پوزیشن پر سری لنکا سے 2 پوائٹس کی برتری حاصل ہے۔ رینکنگ میں جنوبی افریقہ 119 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، آسٹریلیا 117 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ہندوستان 116 پوائنٹس کےساتھ تیسرے، انگلینڈ 113 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 111 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ کل لندن کے اوول میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہندوستان کو جیت کیلئے 339 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ہندوستان کی پوری ٹیم 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں پاکستان نے فائنل میچ 180 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

ٹیگس