Jun ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • ورلڈکپ فٹبال کو عالمی امن کی بنیاد بنایا جائے، پوپ فرانسس

عالمی کیتھولک رہنما پوپ فرانسس نے ورلڈ کپ فٹبال کے آغاز کو ثقافتی تبادلے اور قیام امن کی بنیاد قرار دیا ہے۔

روس میں ‏عالمی ورلڈ کپ فٹبال کے آغاز میں محض چند گھنٹے باقی بچے ہیں اور کھیلوں یہ ایونٹ میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیموں کے درمیان افتتاحی میچ کے ذریعے باضابطہ طور پر شروع ہوجائے گا۔ عالمی ورلڈ کپ فٹبال میں ایران سمیت دنیا کے بتیس ملکوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس وقت ساری دنیا کی رائے عامہ کی نگاہیں روس میں سجنے والے کھیل کے اس عالمی میلے پر لگی ہوئی ہیں ۔
اسی حوالے سے عالمی کیتھولک رہنما پاپ فرانسس نے عالمی فٹبال کپ کے آغاز کو مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور امن کی بنیاد قرار دیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ورلڈ کپ فٹبال کے مقابلے دنیا کے مختلف ملکوں کے درمیان ڈائیلاگ کا بہتر ین پلیٹ فارم ہے اور اس پلیٹ فارم کو عالمی امن کے قیام کی بنیاد بنایا جانا چاہیے۔
ورلڈ کپ فٹبال کے حوالے سے ایک اہم خبر یہ ہے کہ اسپین کی فٹبال فیڈریشن نے ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جولین لو پتگی کو برطرف کردیا ہے۔
ریئل میڈرڈ کے ساتھ جولین لوپتگی کے کنٹریکٹ کو ان کی برطرفی کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ اسپین کی فٹبال فیڈریشن نے فوری طور پر فرنانڈو ہیرو کو قومی فٹبال ٹیم کا کوچ مقرر کردیا ہے۔
ورلڈ کپ فٹبال سے محض ایک دن پر ہیڈ کوچ کی برطرفی کو اسپین کی ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکہ قرار دیا جارہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اسپین اور ایران دونوں ایک ہی گروپ میں ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان بیس جون کو میچ کھیلا جائے گا۔
درایں اثنا فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفانے، ورلڈ کپ دو ہزار اٹھارہ میں متنازعہ فیصلوں سے بچنے کی غرض سے ریفری کی معاونت کے لیے نیا ٹیکنالوجی سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہو گا کہ فٹبال ورلڈ کپ میں ویڈیو ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔وی اے آر کے نام سے موسوم اس سسٹم کا اس سے قبل انگلش پریمیئر لیگ کے ساتھ ساتھ جرمنی اور انگلینڈ کی فٹبال لیگز میں بھی تجربہ کیا جا چکا ہے۔
یہ ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم روس کے دارلحکومت ماسکو میں انٹرنیشنل براڈ کاسٹنگ سینٹر میں نصب کیا گیا ہے جو روس کے تمام گیارہ شہروں کے بارہ کھیل کے میدانوں سے منسلک ہوگا۔
وی اے آر سسٹم میں ایک ویڈیو اسسٹنٹ ریفری ہو گا اور اس کے تین اسسٹنٹ ہوں گے جو میچ پر کڑی نظر رکھیں گے۔
اس کے علاوہ چار ری پلے آپریٹرز بھی ہوں گے جو کسی بھی ریویو کو لینے کے لیے ہر طرح سے تیار اور ویڈیو ریفری کو بہترین اینگل فراہم کریں گے جس سے باآسانی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا۔