Jun ۲۷, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۶ Asia/Tehran
  • ایرانی فٹ بال ٹیم کی تہران آمد عوام کا والہانہ استقبال

فیفا ورلڈکپ 2018 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد کل آدھی رات کو جب ایرانی ٹیم کے کھلاڑی تہران پہنچے تو ایر پورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا

روس میں جاری فٹ بال ورلڈکپ 2018کے گروپ بی میں شریک اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی ٹیم کے کھلاڑی آج علی الصبح تقریباً ساڑھے تین بجے وطن واپس پہنچ گئے، تہران ایئرپورٹ پر قومی کھلاڑیوں کے مداحوں، فٹ بال فیڈریشن کے حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

ایران کی قومی فٹ بال ٹیم ہر چند کہ ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لئے کوالفیائی نہ کر سکی تاہم اس نے اپنے تینوں میچوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا.

روس میں جاری فٹبال کے عالمی کپ میں ایران کی قومی ٹیم کی شاندار کار کردگی پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور قومی ٹیم کے دیگر عہدیداروں کی تعریف اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام اپنے اس پیغام میں فرمایا کہ آپ لوگ کامیاب اور سربلند عالمی کپ سے واپس لوٹے ہیں- شاباش، انشاء اللہ آپ لوگ ہمیشہ کامیاب رہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی فٹبال کے عالمی کپ مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور بہترین کھیل پیش کرنے پر ایران کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ لوگوں نے ایک قوم کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا-

ایران کی قومی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے اپنے آخری گروپ میچ میں جو پیر اور منگل کی درمیانی شب روس کے شہر سارانسک میں کھیلا گیا یورپی چیمپیئن پرتگال کے مقابلے میں بہترین اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک گول سے میچ کو ڈرا کیا-

اس میچ کے بعد ایران کومجموعی طور پر چار پوائنٹ حاصل ہوئے تاہم بہترین کھیل پیش کرنے کے بعد بھی وہ تیسرے نمبر پر رہی اور اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی نہ کر سکی-

فیفا عالمی کپ میں ایران گروپ بی میں اسپین، پرتگال اور مراکش کے ساتھ تھا- پہلے میچ میں ایران نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی جبکہ دوسرا میچ کئی بار کی عالمی اور یورپی چیمپیئن اسپین بمشکل ایران سے ایک گول سے جیت سکا-

عالمی کپ کے گروپوں میں ایران کے گروپ کو سب سے سخت گروپ مانا جا رہا تھا- گروپ بی میں اسپین اور پرتگال کی ٹیمیں پانچ پوائنٹ کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پیر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر گئی ہیں- ایران کی ٹیم چار پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور مراکش کی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی۔

ٹیگس