Sep ۲۷, ۲۰۱۸ ۰۶:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان ایشیا کپ سے باہر، ہندوستان اور بنگلہ دیش فائنل میں

بنگلادیش نے پاکستان کو سپرفور مرحلے میں 37 رنز سے شکست دے کرایشیا کپ کے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔

ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا سفر تمام ہوگیا، سپرفور مرحلے میں پاکستان کی ٹیم بمشکل افغانستان کو شکست دے پائی۔

فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوا جس میں پاکستانی بلے بازوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 240 رنز کے ہدف کو خود کے لیے پہاڑ بنالیا ، نسبتاً کمزور بالنگ اٹیک کے سامنے بھی پاکستانی ٹاپ آرڈر مکمل ناکام ہوگیا اور صرف 18 رنز پر پاکستان کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ،کپتان سرفراز احمد 10، فخر زمان  اور بابراعظم  ایک ایک رن بناکر چلتے بنے۔ شعیب ملک 30 رنز اور شاداب خان 4 رنز بنا سکے۔آصف علی 31 رنز پر پویلین لوٹے تو کچھ دیر بعد امام الحق بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 83 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان  مقررہ اووز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز ہی بنا سکا۔

بنگلادیش کی جانب  سے مستفیض الرحمان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن نے 2، روبیل حسین محموداللہ اور سومیا سرکار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستانی بالرز  نے حریف ٹیم کے ابتدائی تین بلے بازوں کو صرف 12 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، آؤٹ ہونے والے بیٹسمین لیتن داس 6، سومیا سرکار صفر اور مومن الحق 5 رنز بنا سکے۔

3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد تجربہ کار مشفق الرحیم اور محمد متھون نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو بحران سے نکالا تاہم محمد متھون 60 رنز پر حسن علی کا شکار بن گئے، جبکہ مشفق الرحیم ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کرسکے اور 99 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

مہدی حسن مراز 12،محمود اللہ 25 ، روبیل حسین ایک جب کہ مشرفی مرتضیٰ  13 رنز بناسکے، یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 239 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ اب فائنل میں بنگلہ دیش کا مقابلہ ہندوستان سے ہو گا۔

ٹیگس