Sep ۲۹, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان ایشیا کپ کا فاتح

ہندوستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو ہرا کر ایشیا کرکٹ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فیصلہ کن معرکے میں ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلا دیشی بیٹنگ شروع ہوئی تو اوپنرز نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اچھا آغاز فراہم کیا اور 120 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی تاہم پہلی وکٹ گرتے ہی بنگال ٹائیگرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 31 رنز کے اضافے سے 4 مستند بلے باز پویلین لوٹ گئے اس طرح بنگلا دیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 222 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور ہندوستان کو فتح کے لیے 223 رنز کا ہدف دیا۔

ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادیو نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں ۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنر شیکھر دھون 15، روہت شرما 48 اورامباتی رائیڈو 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 83 رنزپرتین وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی اور دنیش کارتھک نے  54 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم 137 کے مجموعے پر کارتھک 37 رنز بناکرآؤٹ ہو گئے۔

مہندرا سنگھ دھونی 36، جڈیجا  23، بھونیشور کمار 21 رنزبناکرآؤٹ ہوئے جب کہ  کلدیپ یادیو 5  اور جادیو  23 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔

 

بنگلا دیش نے فتح حاصل کرنے کی بہت کوشش کی اور بالرز نے آخری گیند تک مقابلہ کیا لیکن ہندوستانی بلے بازوں نے آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا اور اس طرح  ہندوستانی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی جب کہ  ٹائٹل اپنے نام کر کے ہندوستان نے ساتویں بار ایشین چیمپیئن بننے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

 

ٹیگس