Oct ۲۹, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۲ Asia/Tehran
  • متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی صیہونی حکومت کے ترانے کی گونج

ابوظہبی میں جوڈو گرینڈ سلیم مقابلے میں اسرائیلی کھلاڑی کے ذریعے طلائی تمغہ جیتے جانے کے بعد پہلی بار کسی اسلامی ملک کی سرزمین پر غاصب اور غیر قانونی صیہونی حکومت کا منحوس ترانہ بجایا گیا۔

ابوظہبی میں غاصب صیہونی حکومت کا ترانہ بجنے پر اسرائیلی حکام نے خوشی کا اظہار کیا-

دوسری جانب کھیلوں اور ثقافتی امور کی اسرائیلی وزیر میری ریگیو کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے جوڈو فیڈریشن کے سربراہ ناصر التمیمی کی ملاقات اور صیہونی کھلاڑیوں کی ابوظہبی کے مرکز میں شراب نوشی کی تصاویر منظر عام پر آنے سے تنازعہ پیدا ہو گیا ہے اور عرب و اسلامی ملکوں کے عوام خاصطور پر متحدہ عرب امارات کے عوام نے اس پر شدید احتجاج کیا ہے-

اسرائیلی وزیر میری ریگیو جمعے کو اسرائیلی کھلاڑیوں کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچی تھیں- صیہونی حکومت کے وزیرجنگ نے ابھی حال ہی میں کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب اسرائیل کے نئے دوست ہیں-

صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو برقرار کرنے کے لئے بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی کوشش ایک ایسے وقت انجام پا رہی ہے جب اسرائیل نے برسوں سے فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کر کے عرب اور اسلامی ملکوں کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔