Jun ۲۳, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • کرکٹ ورلڈکپ میں آج پاکستان اور جنوبی افریقہ مد مقابل

کرکٹ ورلڈکپ کے 28ویں میچ میں ہندوستان نے افغانستان کو اور نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی۔

 کرکٹ ورلڈکپ کے 29ویں میچ میں آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جبکہ کل کھیلے گئے دو میچ میں ہندوستان نے افغانستان کو 11 رنز اور نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو5 رنز سے شکست دے دی۔

ساؤتھمپسٹن میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ہندوستان کو ٹف فائٹ دی، بھارتی بلے بازوں کو دبوچنے کے بعد افغان کھلاڑیوں نے  بولرز کا بھی جم کر مقابلہ کیا، کپتان محمد نبی نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر حریف بولرز پر اپنا دباؤ بنایا اور  ٹیم کوجیت کے قریب پہنچایا تاہم آخری اوور میں ہندوستانی بالر محمد شمی نے ہیٹ ٹرک کرکے اپنی ٹیم کو فتح  دلائی۔

افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی 10،گلبدین نائب 27،رحمت شاہ 36،حشمت اللہ شھیدی21، اصغر افغان 8،نجیب اللہ زردان 21،راشد خان14،آفتاب عالم اورمجیب الرحمان صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ اکرام علیخیل 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان کی جانب سے محمد شمی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں ، انہوں نے رواں ورلڈکپ کی پہلی ہیٹ ٹرک بھی بنائی جب کہ بھمرا،چاہال اور پانڈیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی نے جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، افغانستان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا اور ہندوستانی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز ہی بنا سکی۔ روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا، روہت صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور راہول نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان ویراٹ کوہلی نے وجے شنکر کے ساتھ ملکر ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اس دوران ویراٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ 67 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور وجے شنکر بھی 29 رنز ہی بناسکے۔ ایم ایس دھونی کی اننگز بھی 28 رنز تک محدود رہی۔ کیدار جادیو 52 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

ورلڈکپ کرکٹ کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 292 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 286 رنز پر ڈھیر ہوگئی،  بریتھ وردھی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 101 رنز بنائے تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرواسکے اور آخری اوور میں چھکا لگاتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اوپنر کرس گیل نے 87 رنز ،ہوم اور پوران نے ایک ایک،ہتھمیر54 اور ہولڈر صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ نرس ایک، لیوس صفر،روچ 14 اور کوٹریل 15رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فرگوسن نے 3،ہینری، نیشن اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیتا اور بولنگ کو ترجیح دیتے ہوئے بلیک کیپس کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کپتان ولیمسن اور راس ٹیلرنے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں میں 160 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم ہوئی، جنوبی افریقا کیخلاف مرد میدان قرار پانے والے ولیمسن نے ایک بار پھر کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے 148 رنز بنا کر ٹیم کو نہ صرف مشکلات سے نکالا بلکہ ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بھی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 291 رنز بنائے، راس ٹیلر 69،لیتھم 12،گرینڈ ہوم  16، سنٹنر 10 اور جمی نیشن 28رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹیگس