Dec ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • روس پر عالمی کھیلوں میں شرکت پر چار سال تک پابندی

ورلڈ اینٹی ڈوپینگ ایجنسی واڈا نے روس پر آئندہ چار برسوں کے لئے کھیلوں کے ہر طرح کے بین الاقوامی مقابلوں منجملہ فٹبال ورلڈ کپ اور اولمپیک میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔

واڈا کی ایگزیکیٹیو کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ روس کے ذریعے لیبارٹری ڈیٹا میں رد و بدل کرکے اینٹی ڈوپینگ قوانین کی خلاف ورزی اور واڈا کو گمراہ کرنے کی بنا پر لیا گیا ہے۔ عالمی کھیلوں کی تاریخ میں واڈا کی طرف کسی ملک کے خلاف یہ سب سے زیادہ سنگین سزا ہے۔ واڈا کے اس فیصلے کے بعد روس کا کوئی بھی کھلاڑی دوہزار بیس کے اولمپیک، قطر میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ اور دوہزار بیس کے سرمائی اولمپیک میں شرکت نہیں کرسکے گا۔

سوئیزر لینڈ کے شہر لوزان میں قائم واڈا کے دفتر کے ترجمان نے بتایا کہ روس کے خلاف یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔ تاہم واڈا نے کہا ہے کہ چار سال کے لئے لگائی اس پابندی کے بعد اب روس کے کلین چٹ کھلاڑی اولمپیک اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے ملک کے جھنڈے اور ترانے کے بغیر شرکت کے اہل ہوں گے۔ روس نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مغرب کی سازش قراردیا ہے۔

ٹیگس