Nov ۱۶, ۲۰۱۵ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • داعش کی مالی حمایت چالیس ملکوں سے ہورہی ہے، پوتن
    داعش کی مالی حمایت چالیس ملکوں سے ہورہی ہے، پوتن

روس کے صدر نے کہا ہے کہ داعش کی مالی حمایت چالیس ملکوں سے ہورہی ہے۔

ترکی کے شہر انطالیہ میں گروپ بیس کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ داعش کے مالی اخراجات دنیا کے چالیس ملکوں سے پورے ہوتے ہیں جن میں گروپ بیس کے بعض ممالک بھی شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مالی ذرائع تک اس دہشت گرد گروہ کی دسترسی روکی جائے ۔

انھوں نے کہا کہ داعش مخالف ملکوں کو داعش کے تیل کی خریدو فروخت کی روک تھام کے ساتھ ہی اس بات کی کوشش بھی کرنی چاہئے کہ دوسرے ذرائع سے بھی اس دہشت گرد گروہ کی آمدنی نہ ہوسکے۔

صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ شام میں سیاسی عمل شروع ہونے سے پہلے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ شام میں سرگرم بعض مسلح گروہ بھی اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ داعش سے مقابلہ روس کے فضائی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

اس سے پہلے انھوں نے برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف ہمہ گیر تعاون کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

انھوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ اگرچہ روس اور برطانیہ کے تعلقات اپنی بہترین شکل میں نہیں ہیں لیکن دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

پیرس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ ان حملوں سے ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت زیادہ اجاگر ہوئی ہے۔

ٹیگس