Nov ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • اگلا نشانہ نیویارک ہوگا،  داعش کا اعلان۔ کوئی خطرہ نہیں ، امریکا
    اگلا نشانہ نیویارک ہوگا، داعش کا اعلان۔ کوئی خطرہ نہیں ، امریکا

دہشت گرد گروہ داعش نے ایک ویڈیو جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ اس گروہ کا اگلا نشانہ نیویارک ہے لیکن امریکی حکام کہتے ہیں کہ کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔

نیویارک کی پولیس نے بدھ کے دن کہا کہ اسے دہشت گرد گروہ داعش کے نئے ویڈیو کی اطلاع ہے لیکن ابھی تک کوئی خاص خطرہ درپیش نہیں ہے۔ نیویارک پولیس کے نا‏ئب سربراہ اسٹیفن ڈیوس نے کہا ہے کہ اگرچہ یہ کوئی نیا ویڈیو نہیں ہے لیکن اس میں ایک بار پھر اس بات پر تاکید کی گئی ہے کہ نیویارک بدستور دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس وقت کوئی خاص خطرہ لاحق نہیں ہے لیکن ہم چوکسی کی حالت برقرار رکھیں گے۔

امریکہ کی فیڈرل پولیس نے بھی کہا ہے کہ اسے نیویارک کو درپیش موجودہ خطرات اور اس ویڈیو کی اطلاع ہے اور وہ اس کے بارے میں تحقیقات انجام دے گی۔

واضح رہے کہ داعش کے چھ منٹ کے اس ویڈیو میں ایک ایسے شخص کو دکھایا گیا ہے جو دہشت گردانہ کارروائی کے لئے آمادہ ہو رہا ہے۔

اس کے علاوہ اس ویڈیو میں نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کا ایک منظر بھی دکھایا گیا ہے، جو کہ ایک سیاحتی مرکز ہے۔

البتہ اس ویڈیو میں دکھائے جانے والے زیادہ تر مناظر کا تعلق پیرس اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند سے ہے۔
کہا جاتا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے حال ہی میں جو ویڈیو جاری کیا ہے اس میں وہی مناظر دکھائے گئے جو اپریل کے مہینے میں جاری کئے جانے والے ویڈیو میں دکھائے گئے تھے۔

نیویارک کے میئر بل دی بلاسیو نے بدھ کے دن ایک بیان جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ نیویارک کے لوگ خوف و ہراس میں نہیں رہیں گے اور ان کو روزمرہ کے امور جاری رکھنے چاہئیں۔

اس بیان میں مزید آیا ہے کہ نیویارک کو کسی خاص اور قابل توجہ خطرے کا سامنا نہیں ہے۔

ٹیگس