Dec ۰۲, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۲ Asia/Tehran
  • ترکی بحران شام کے سیاسی حل کے عمل کو ناکام بنانے کے درپے ہے: روسی وزیر خارجہ

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روسی لڑاکا طیارہ مار گرانے سے ثابت ہوتا ہے کہ ترکی بحران شام کے سیاسی حل کے عمل کو ناکام بنانے کے درپے ہے۔

اطلاعات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے قبرص میں پریس کانفرنس میں ترکی پر بحران شام کے سیاسی حل میں مشکلات کھڑی کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ روسی لڑاکا طیارہ مار گرائے جانے سے ثابت ہوتا ہے کہ انقرہ حکومت بحران شام کے سیاسی حل کے عمل کو ناکام بنانے کے درپے ہے۔ سرگئی لاوروف نے یورپی یونین کے بارے میں کہا کہ ماسکو، روس کے ساتھ تعلقات معطل کئے جانے کی برسلز کی پالیسی کو غیر تعمیری سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات معطل کئے جانے کے یورپی یونین کے اقدام کے الٹے نتائج برآمد ہوں گے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ماسکو نے یوکرین کے بارے میں بات چیت کی ہے اور منسک معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں اس کا اتفاق نظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسکو نے، روس نیٹو کونسل کے دائرے میں تعاون کو ہرگز مسترد نہیں کیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ان کا ملک بحران شام کے حل کے لئے ویانا مذاکرات کا پابند ہے۔

ٹیگس