Dec ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • امریکا میں آنے والے نئے تارکین وطن کے لئے زندگی گزارنا آسان نہیں : امریکی صدر کا اعتراف
    امریکا میں آنے والے نئے تارکین وطن کے لئے زندگی گزارنا آسان نہیں : امریکی صدر کا اعتراف

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکا میں نئے آنے والے تارکین وطن کے لئے زندگی گزارنا آسان نہیں ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے حال ہی میں امریکی شہریت حاصل کرنے والے افراد کے اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا آنے والے تارکین وطن کے لئے امریکا میں زندگی گزارنا ہمیشہ سے آسان نہیں رہا ہے اور یقینا ان افریقیوں کے لئے بھی آسان نہیں جو اپنی مرضی سے امریکا نہیں آئے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ افسوس کے ساتھ اس بات کا اعتراف کرنا پڑتا ہے کہ امریکا نے ہمیشہ اپنے اصولوں کی پابندی نہیں کی ہے۔

باراک اوباما نے مزید کہا کہ افریقیوں کو ان کی مرضی کے بغیر ہتھکڑیاں لگا کر امریکا میں لایا گیا اور ان کو کوڑے مارے گئے لیکن اسی زمانے سے انہوں نے امریکا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا شروع کر دیا۔ چین کے تارکین وطن کو شدید اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا اور کچھ عرصے تک کے لئے امریکا میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران جرمنی اور اٹلی والوں کو گرفتار کیا جاتا اور امریکا کی تاریخ کے تاریک ترین دور میں جاپانی تارکین وطن حتی جاپانی نژاد امریکیوں کو بھی زبردستی ان کے گھروں سے نکال کر کیمپوں میں بند کر دیا جاتا تھا اس کی وجہ یہ تھی کہ امریکا خوف و ہراس میں مبتلا ہو چکا تھا۔

ٹیگس