Dec ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • دہشت گردی سے مقابلہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے: عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری

عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے دہشت گردی سے مقابلے میں تمام ممالک کی ذمہ داری کو اہم اور ضروری قرار دیا ہے۔

ابراہیم جعفری نے کویت میں عرب سفارتی وفود کے نمائندوں اور سفیروں سے ملاقات کے دوران عرب ممالک کے تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی سے دنیا کے تمام ممالک کو خطرہ لاحق ہے اور اس عالمی خطرے سے مقابلے کے لئے تمام ممالک کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔

عراقی وزیرخارجہ نے داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد کئے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مدد بغداد کی ہم آہنگی کے ساتھ ہونی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عراقی فوج، عوامی رضاکاروں، قبائل اور عراقی کرد پیش مرگہ ملیشیا نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے دنیا کے ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ، مشترکہ مفادات کے تحفظ اور مشترکہ خطرات کے مقابلے کی عراق کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اپنے اختلافات کے حل کے لئے مذاکرات کے دائرے میں عمل کرتا ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ صباح خالد حمد الصباح کے ساتھ مشترکہ نشست میں کہا کہ سعودی عرب سے متصل عراقی سرحدی علاقوں میں قطر کے بعض شکاریوں کے اغوا کے سلسلے میں عراق پر کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی ہے۔

ٹیگس