Feb ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
  • جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کی گرفتاری کے بعد سے، وہاں کی صورت حال انتہائی کشیدہ ہے-
    جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کی گرفتاری کے بعد سے، وہاں کی صورت حال انتہائی کشیدہ ہے-

نئی دہلی کے تعلیمی ادارے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبا نے اپنی یونین کے صدر کنہیا کمار کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔

ہمارے نامہ نگار کے مطابق اسٹوڈنٹ یونین نے کہا ہے کہ جب تک کنہیا کمار کو رہا نہیں کیا جاتا ہے، یونیورسٹی میں کسی طرح کا کوئی کام کاج نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ٹیچرز یونین کے صدر اجے پٹنائک نے کہا ہم طالب علموں کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم ہڑتال کے دوران کلاسیں نہیں لیں گے۔یونیورسٹی کے طلبا و اساتذہ نے کیمپس میں انسانی زنجیر بنا کر کنہیا کمار کی گرفتاری کی مخالفت کی ۔

مظاہرین نے کہا کہ ایمرجنسی انیس سو پچھتر کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اسٹوڈنٹ یونین کے منتخب صدر کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں نہ تو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی کچلا جا سکتا ہے۔ جے این یو کے اساتذہ نے بھی اسٹوڈنٹ یونین کی ہڑتال کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ پر حملے کے جرم میں پھانسی پر لٹکائے گئے افضل گرو کی برسی کے موقع پر جے این یو میں ایک پروگرام ہوا تھا جس کے بارے میں حکومت اور بی جے پی کے کچھ ممبران پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ وہاں ملک کے خلاف نعرے لگائے گئے تھے۔ اس پروگرام کی شکایت کے بعد جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جس کے بعد سے وہاں کی صورت حال انتہائی کشیدہ ہے-

ٹیگس