Feb ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • داعش نے روس کی جمہوریہ داغستان میں خود کش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی

دہشت گرد گروہ داعش نے روس کی جمہوریہ داغستان میں خود کش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

روسی جمہوریہ داغستان کے شہر بندر میں پیر کو ایک کار بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور اٹھارہ دیگر زخمی ہو گئے۔

داغستان کے ایک پولیس افسر کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی ریانووستی نے خبر دی ہے کہ خود کش حملہ آور داعش سے وابستہ دہشت گردگروہ جنوبی گروپ کا رکن تھا۔

داعش نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے ایک رکن نے داغستان کے شہر بندر میں پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر خود کو کار بم دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں وہاں موجود سبھی پولیس اہلکار ہلاک یا زخمی ہو گئے۔

داغستان کی فیڈرل تحقیقاتی کمیٹی کے ترجمان رسول تمیر بکوف کا کہنا ہے کہ خود کش کار بم دھماکے کے لئے ایک سو بائیس میلی میٹر کے دو مارٹر گولوں سے استفادہ کیا گیا۔ مذکورہ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کار بم دھماکے میں پاس میں کھڑی چار گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔

اس دوران جمہوریہ داغستان کے صدر عبد العطیپوف نے کہا ہے کہ یہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سنگین جرم تھا۔ اس حملے میں کم سے کم چھے عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس