Feb ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت اور امریکا کی مشترکہ میزائلی مشقیں

صیہونی حکومت اور امریکا نے مشترکہ میزائلی مشقیں شروع کر دی ہیں۔

صیہونی حکومت کی وزارت جنگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ مشقیں میزائلی حملوں کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے مقصد کے علاوہ اس لئے بھی انجام پا رہی ہیں تاکہ امریکا اور اسرائیل کے فوجی زیادہ بہتر اور موثر طریقے سے آپس میں تعاون کرسکیں - ان مشقوں میں امریکا کے سترہ سو سے زائد فوجی اہلکار اور غیر فوجی ماہرین شریک ہیں –

دو ہزار ایک کے بعد سے امریکا اور اسرائیل کی یہ آٹھویں مشترکہ مشقیں ہیں- یورپ میں امریکی کمان کے ایک سینئر کمانڈر مارک لئوبن نے بھی کہا ہے کہ دوہزار سولہ میں امریکا اور اسرائیل کی یہ پہلی مشقیں ہیں -

صیہونی حکومت کی وزارت جنگ نے اس کی تفصیل نہیں بتائی کہ ان مشقوں کے دوران کون کون سے اقدامات انجام دیئے جائیں گے تاہم خبردار کیا ہے کہ ان مشقوں کے دوران مزید فوجی اقدامات اور سرگرمیاں انجام دی جاسکتی ہیں -

امریکا اور اسرائیل کے درمیان یہ فوجی مشقیں ایک ایسے وقت انجام پارہی ہیں جب اسرائیلی حکام نے واشنگٹن سے کہا ہے کہ وہ دوہزار اٹھارہ سے دوہزار اٹھائیس کے عرصے کے لئے اپنی فوجی امداد میں ساٹھ فیصد اضافہ کردے - اس طرح صیہونی حکومت کے لئے امریکا کی سالانہ فوجی امداد پانچ ارب ڈالر ہوجائے گی - اس وقت صیہونی حکومت کے لئے امریکا کی سالانہ فوجی امداد تین ارب ڈالر ہے - اس کے علاوہ امریکا اسرائیل کےدیگر فوجی اخراجات منجملہ آئرن ڈوم کے پروجیکٹ کی حفاظت کاخرچ بھی برداشت کرتاہے –

ٹیگس