Jun ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • دنیا پر بالادستی کے قیام کی مغربی کوشش لا حاصل ہے، روسی وزیر خارجہ

روس کے وزیر خارجہ نے دنیا پر بالادستی کے قیام کی مغربی کوششوں کو لاحاصل قرار دے دیا ہے۔

روسی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ دنیا پر بالادستی کے قیام کی مغربی کوششیں لاحاصل ہیں اور مغربی دنیا اپنی بالادستی کا دعوی نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ مغرب علاقائی تنازعات میں ایسی پالیسی اپنائے ہوئے ہے جس سے لگتا ہے کہ وہ ہر ممکن طریقے سے دنیا پر اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مغرب تیل اور اسلحہ کی عالمی منڈی میں بھی روس پر ضرب لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔

سرگئی لاؤروف کا کہنا تھا کہ روس کو عالمی نظام میں اپنے کردار سے پیچھے ہٹانے کے لیے ماسکو کے خلاف دباؤ کے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکہ ٹرانس ایٹلانٹک ریجن میں اپنی مرضی کا نظام قائم کرنے اور توانائی اور اسلحہ کی عالمی منڈی میں روس کی پوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روس کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ان کا ملک ، امریکہ ، نیٹو اور یورپی یونین کی جانب سے مسلط کردہ اس محاذ آرائی میں الجھنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ہے۔

ٹیگس