Jun ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • نیٹو کے مقابلے کے لیے پوری طرح تیار رہنے کی ضرورت ہے: روسی صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے نیٹو کے مقابلے کے لیے پوری طرح تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

روسی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدرولادی میرپوتن کا کہنا تھا کہ نیٹو ہماری سرحدوں کے قریب اپنے جارحانہ اقدامات میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہمیں اپنی دفاعی آمادگی اورتیاریوں پرخصوصی توجہ دینا ہوگی۔

روس کے صدر نے سویت یونین کے خلاف نازی جرمنی کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس زمانے میں مغربی طاقتیں سویت یونین کو شکست دینے پرتلی ہوئی تھیں اور عالمی برادری نے اس بات پر توجہ نہیں دی کہ خطرناک نازی حکومت یورپ میں قائم ہوئی تھی۔

صدر ولادی میر پوتن نے یہ بات زور دے کرکہی کہ عالمی برادری ایک بار پھرماضی کی غلطیوں کو دوہرا رہی ہے۔ روسی صدر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی دنیا کے لیے اصل خطرہ ہے لیکن نیٹو روس کی سرحدوں کے قریب اپنی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھا رہا ہے۔

روس اس سے پہلے بھی اعلان کرچکا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے قریب نیٹو کی نقل وحرکت کے جواب میں تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے گا۔

نیٹو نے حال ہی میں مشرقی یورپ میں روسی سرحدوں کے قریب سب سے بڑی فوجی مشقیں انجام دی ہیں۔ روس اورنیٹو کے تعلقات سن دوہزار چودہ سے، یوکرین کے معاملے پر کشیدہ چلے آرہے ہیں۔

ٹیگس