Jun ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور ہندوستان کی رکنیت کی دستاویز پر دستخط

شنگھائی تعاون تنطیم کے رکن ملکوں کے سربراہوں نے پاکستان اور ہندوستان کو تنظیم میں مکمل رکنیت دینے کی دستاویز پر دستخط کردیئے ہیں۔

ہمارے نمائندے کے مطابق، پاکستان اور ہندوستان کو شنگھائی تعاون تنطیم کی مکمل رکنیت دینے کی دستاویز پر جمعے کے روز ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران ، روس، چین، تاجکستان، ازبکستان، قزاقستان، اور کرغیزستان کے سربراہوں نے دستخط کیے۔

شنگھائی تعاون تنطیم کے اجلاس میں شریک ملکوں کے اعلی عہدیداروں نے تنظیم کی توسیع کے بارے میں اپنے اپنے نظریات بیان کیے اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ہندوستان کی شمولیت کے نتیجے میں عالمی سطح پر اس تنظیم کے وقار اور کردار میں اضافہ ہوگا۔

وزیرخارجہ محمدجواد ظریف کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اعلی سطحی وفد بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران دوہزار پانچ سے شنگھائی تعاون تنظیم میں مبصر ملک کی حیثیت سے شامل ہے۔ ایران نے بھی شنگھائی تعاون تنظیم میں رکنیت کی باضابطہ درخواست دے رکھی ہے اور توقع ہے کہ ایرا ن کو جلد ہی اس اہم علاقائی تنظیم کی مکمل رکنیت دے دی جائے گی۔

شنگھائی تعاون تنظیم دو ہزار ایک میں قائم ہوئی ہے اور چھے ممالک روس، چین، قزاقستان، کرغیزستان، تاجیکستان اور ازبکستان اس کے بنیادی رکن ممالک ہیں جبکہ ایران و افغانستان سمیت کئی ملکوں کو اس تنظیم میں مبصر کی حیثیت حاصل ہے۔

ٹیگس