Dec ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکی پابندیوں کا ترکی بہ ترکی جواب دینے کا اعلان

روس نے امریکی پابندیوں کا ترکی بہ ترکی جواب دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ماسکو، روسی شہریوں اور کمپنیوں کے خلاف امریکی پابندیوں پر ہرگز خاموش نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس ، امریکی پابندیوں کے مقابلے میں جوابی اقدامات کا حق اپنے لیے محفوظ سمجھتا ہے۔ روس کے نائب وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ماسکو بھی امریکہ کے خلاف پابندیوں کی فہرست میں اضافہ کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے یوکرین کے معاملے پر روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ امریکی پابندیوں کی نئی فہرست میں سات روسی شہریوں اور جزیرہ کریمیا میں کا م کرنے والی درجنوں کمپنیوں کے نام شامل ہیں۔ پابندیوں کی اس فہرست میں روس کے دو بحری بیڑوں مارشل جکوف اور اسٹالنگراڈ کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔
روس اور امریکہ کے درمیان یوکرین کے معاملے پر تعلقات سخت کشیدہ چلے آرہے ہیں۔ امریکہ، روس پر یوکرین کے معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کرتا ہے جس کی روس نے ہمیشہ تردید کی ہے۔

 

ٹیگس