Jan ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • تارکین وطن اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک پر اقوام متحدہ کی گہری تشویش

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے تارکین وطن اور اقلیتوں کے سلسلے میں روا رکھے جا رہے امتیازی سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن اور اقلیتوں کے سلسلے میں جو امتیازی رویّہ روا رکھا جارہا ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے - ان کا کہنا تھا کہ تعصب اور امتیازی سلوک کا نظریہ بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نفرت کے راستے زیادہ کھل رہے ہیں اس لئے ہمیں اس سلسلے میں ہوشیار رہنا چاہئے - انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ انسانی حقوق اور جنگی جرائم کے مرتکبین کے بارے میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے زیادہ کوشش کرے - اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ آج مسلمانوں کے بارے میں جو نظریہ پایا جارہا ہے وہ انتہائی پریشان کن اور تشویشناک ہے - اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کے صدر ٹرمپ نے مسلمانوں اور تارکین وطن کے امریکا میں داخلے پر پابندیوں کے قانون پر دستخط کئے ہیں- اس درمیان ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا قرون وسطی کے دور کی جانب واپس لوٹ رہا ہے - انہوں نے کہا کہ ایرانی شہریوں کے لئے امریکا کے ویزے پر پابندی اور دیگر معاملات میں امریکی صدر کے تازہ ترین اقدامات نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکا مذہبی، قومی اور نسلی تفریق کے لحاظ سے قرون وسطی کی جانب دوبارہ لوٹ رہا ہے - ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے یہ اقدامات  امریکا کے جمہوریت اور آزادی کے دعوے کی سراسر نفی کرتے ہیں -

ٹیگس