Feb ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۲ Asia/Tehran
  • دنیا کے مختلف ملکوں میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے

دنیا کے مختلف ملکوں کے عوام نے امریکی صدر ٹرمپ کی نسل پرستانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ہیں

میکسیکو کے بیس شہروں میں میکسیکن باشندوں نے مظاہرے کرکے امریکی صدرٹرمپ کی میکسیکن مخالف لفاظیوں اور میکسیکو کے ساتھ ملنے والی امریکا کی سرحدوں پر دیوار کھڑی کرنے کے ان کے فیصلوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی - 

 

میکسیکو سٹی میں ہزاروں افراد اپنے ہاتھوں میں بڑے بڑے بینر اور پلی کارڈ اٹھاکر  ٹرمپ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے - مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلی کارڈ تھے جن پر لکھا ہوا تھا کہ مسٹر ٹرمپ میکسیکو کا احترام کیا جانا چاہئے- مظاہرے میں شریک ایک میکسیکن شہری کا کہنا تھا کہ ہم اس لئے سڑکوں پر نکلے ہیں تاکہ ٹرمپ پر واضح کردیں کہ میکسیکو کی پوری قوم متحد ہو کر ٹرمپ اور اس کے احمقانہ، فاشیسٹ اور نسل پرستانہ اقدامات کے خلاف سڑکوں پر نکلی ہے-

یاد رہے کہ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد میکسیکو سے ملنے والی امریکا کی سرحدوں پر دیوار کھڑی کرنے کا حکم جاری کیا ہے - اس کے چند روز بعد ہی انہوں نے اعلان کیا کہ وہ میکسیکو سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر بیس فیصد کسٹم ڈیوٹی وضع کرکے اس دیوار پر آنے والے اخراجات کو پورا کریں گے- ٹرمپ نے میکسیکو سے امریکا میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کو مجرم تک کہہ ڈالا اور اعلان کیا کہ وہ امریکا میں مقیم ایک کروڑ دس لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو نکال باہر کریں گے -

ٹرمپ کے نسل پرستانہ اقدامات کے خلاف بریسلز میں بھی مظاہرے ہوئے ہیں- مظاہرین نے بریسلز میں امریکی سفارت خانے کے باہر اجتماع کرکے سات اسلامی ملکوں کے شہریوں کے خلاف ٹرمپ کے نسل پرستانہ فرمان کی مذمت کی - جاپان کے دارالحکومت  ٹوکیو میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے مظاہرہ کرکے امریکی صدر کے نسل پرستانہ اقدامات پر اپنے شدید و غم غصے کا اظہار کیا -

 

ٹیگس