Mar ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • صدر ٹرمپ کو وزیروں اور سرکاری اداروں کے سربراہوں کی وفاداری پر شک

وائٹ ہاؤس نے امریکہ کے سرکاری محکموں میں اعلی سیاسی مشیروں کو تعینات کیا ہے جو سرکاری عہدیداروں کی صدر ٹرمپ کے تئیں وفاداری پر نظر رکھیں گے۔

روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ آٹھ امریکی عہدیداروں نے اپنا نام  ظاہر نہ  کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بااثر لوگوں کو مختلف وزرات خانوں میں تعینات کیا ہے-

امریکی عہدیداروں کے ذریعے سامنے آنے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو سرکاری محکموں میں تعینات کیا گیا ہے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ، وزیروں اور سرکاری اداروں کے سربراہوں کی صدر ٹرمپ کے تئیں وفاداری کی نگرانی کریں-

واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی ہے کہ ان لوگوں کا سرکاری عہدہ وائٹ ہاؤس کے اعلی مشیر کے عنوان سے مقرر کیا گیا ہے اور ہر وزارت خانے میں وزیر کے دفتر کے قریب ان کا دفتر ہو گا- وائٹ ہاؤس کے یہ مشیر خود وزیر کو رپورٹ نہیں دیں گے بلکہ متعلقہ وزارت سے متعلق وائٹ ہاؤس میں قائم شعبے کو پیش کریں گے-

واشنگٹن پوسٹ کی یہ رپورٹ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ کے بعض عہدیداروں نے پہلے یہ انکشاف کیا تھا کہ صدر ٹرمپ کے داماد جرارڈ کوشنر بہت سے حکومتی امور میں مداخلت کر رہے ہیں- اس درمیان امریکی وزارت خارجہ کے بعض عہدیداروں نے بھی کہا ہے کہ وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن، صرف نام کے وزیرخارجہ ہیں اصل فیصلے صدر ٹرمپ کے داماد ہی کرتے ہیں۔

 

ٹیگس