Mar ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے کا بجٹ کم کئے جانے کے بارے میں امانو کا انتباہ

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ ضرورت کے اخراجات پورے نہ کئے جانے کی صورت میں ایران کی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کا معمول کا عمل خطرے میں پڑ جائے گا۔

ایسوشی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے منصوبہ بندی کے تحت ایران کی ایٹمی تنصیبات کے معائنے و نگرانی پر زیادہ اخراجات آنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کا معمول کا عمل خطرے سے دوچار ہے مگر یہ کہ رکن ممالک منجملہ امریکہ بیشتر اخراجات برداشت کرے۔
یوکیا امانو نے کہا کہ انھوں نے واشنگٹن کا دورہ کیا ہے تاکہ امریکی حکومت اور کانگریس کی توجہ آئی اے ای اے کا بجٹ بڑھائے جانے کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کو دو ہزار اٹھارہ میں بجٹ میں اضافے کے ساتھ سینتیس کروڑ یورو کی ضرورت ہو گی۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے کہا کہ بجٹ میں اضافہ کئے بغیر ایران کی ایٹمی تنصیبات کے معائنے و نگرانی کا معمول کا عمل انجام نہیں پا سکتا۔
یوکیا امانو نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بھی ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے پر ایک بار پھر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران آئی اے ای اے سے متعلق اپنے تمام معاہدوں پر کاربند ہے۔

ٹیگس