Mar ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
  •  میڈیکل بیمہ کے خلاف ٹرمپ کے منصوبے پر احتجاج

لاس انجلیس کے شہریوں نے اوباما کیئر منصوبے کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کی مخالفت میں وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا ہے۔

 ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس انجلیس کے باشندوں نے اوباما کیئر منصوبہ ختم کرنے لئے امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا ہوا تھا کہ  ہمارے بچوں کی فریاد سنو۔ امریکی کانگریس میں اس وقت ریپبلکن اراکین کی اکثریت ہے جنھوں نے اوباما کیئر منصوبہ ختم کرنے کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے اور متبادل منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ٹرمپ منصوبے کی منظوری کی صورت میں لاکھوں امریکی موجودہ بیمہ سہولت سے محروم ہو جائیں گے۔

البتہ امریکی کانگریس نے جمعرات کو ٹرمپ منصوبے پر ووٹنگ کا عمل موخر کر دیا جس کی وجہ، ٹرمپ کی ناکام کوشش بتایا جاتا ہے۔ امریکہ میں حفظان صحت سے متعلق ٹرمپ کی پالیسیوں کو بھرپور حمایت حاصل نہیں ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے بجٹ امور کے ڈائریکٹر میک ملوانی نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کانگریس کے اراکین کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے جمعے کو اوباما کیئر کے متبادل منصوبے کی حمایت میں ووٹ نہیں دیا تو اس بارے میں صلاح و مشورے کا عمل ترک کر دیا جائے گا۔

ٹیگس