Mar ۲۴, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کو روس کا انتباہ

روس نے امریکہ کو جزیرہ نمائے کوریا میں اپنی فوجی موجودگی کو تقویت پہنچانے کے تعلق سے ایک بار پھر خبردار کیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے جمعے کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اپنے یکطرفہ فوجی مفادات کی تکمیل کے لئے جزیرہ نمائے کوریا کے حالات سے فائدہ اٹھائے اور اس علاقے میں اپنے جدید ترین ہتھیار نصب کرے-

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ماسکو کی نظر میں جزیرہ نمائے کوریا میں امریکہ کے تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب، علاقے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے ایک خطرناک اقدام ہے-

ان کا کہنا تھا کہ شمال مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کی برقراری کی راہ میں قدم اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ سبھی معاملات اور مسائل کو اجتماعی طور پر اور سیاسی و سفارتی طریقے سے حل کیا جائے-

اس سے پہلے جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ شمالی کوریا کا ایک نیا میزائلی تجربہ ناکام ہو گیا ہے اور اس کا نیا میزائل فضا میں دھماکے سے تباہ ہو گیا- کہا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا نے یہ میزائل تجربہ جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کے ردعمل میں کیا تھا-

ٹیگس