Mar ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • موصل کے شہریوں پر امریکی اتحاد کے حملے پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

اقوام متحدہ نے ان رپورٹو پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق شمالی عراق کے شہر موصل میں نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے حملے میں دوسو سے زائد عام شہری مارے گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے  ترجمان فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مغربی موصل کے گنجان آبادی والے علاقے الجدیدہ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق خبروں پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس حملے میں سیکڑوں لوگ مارے گیے ہیں۔عراق کے کرد زبان کے ٹیلی ویژن چینل روداؤ کے مطابق مغربی موصل میں داعش کے زیر قبضہ علاقے پر امریکہ کی سرکردگی میں قائم نام نہاد داعش مخالف اتحاد کے حملے میں، دوسو سینتیس عام شہری مارے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی جنگی اتحاد کے طیاروں نے اس بلڈنگ کو نشانہ بنایا ہے جہاں داعش کے حملوں سے جان بچا کر بھاگنے والے عام شہریوں کی بڑی تعداد نے پناہ لے رکھی تھی۔داعش مخالف امریکی اتحاد نے یہ حملہ ایسے وقت میں کیا ہے جب عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان، عام شہریوں کی جان کی حفاظت کے پیش نظر مغربی موصل میں داعش کے ٹھکانوں کی جانب انتہائی احتیاط کے ساتھ پیشقدمی کر رہے ہیں۔