Mar ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کئے جانے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نائب سربراہ نے پوری دنیا سے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نائب سربراہ مسعود بن مومن نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ گذشتہ سات عشروں سے دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کئے جانے کی کوشش کر رہی ہے اور پوری دنیا سے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ کئے جانے کے مقصد کا حصول بدستور ناممکن بنا ہوا ہے۔ انھوں نے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری، ان کی جدید کاری اور ان ہتھیاروں کی حفاظت پر آنے والے بے تحاشا اخراجات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو اخراجات ایٹمی ہتھیاروں پر کئے جاتے ہیں اگر ترقیاتی کاموں پر کئے جائیں تو دنیا میں امن و استحکام کی تقویت کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں سے متعلق اہم اقدامات عمل میں لائے جا سکتے ہیں۔ جوہری ترک اسلحہ پر نیویارک میں پیر کو مذاکرات شروع ہو گئے ہیں جبکہ ان مذاکرات میں امریکہ، برطانیہ اور فرانس شریک نہیں ہوئے ہیں۔ یہ مذاکرات اکتّیس مارچ تک جاری رہیں گے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ میں مستقل امریکی مندوب نیکی ہیلی نے کہا تھا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس ان مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت ہے اور موجودہ صورت حال میں ان کا ملک اس بات کا اعلان نہیں کر سکتا ہے کہ امریکہ کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں ہے۔ چنانچہ امریکہ کے اس موقف سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ملک عالمی امن و استحکام کے قیام اور اس کے تحفظ میں کتنا سنجیدہ ہے؟۔

ٹیگس