Mar ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  •  دہشت گردی کو اسلام سے مربوط کرنے والوں پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی تنقید

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کا تعلق دین اسلام سے قرار دینے والوں پر تنقید کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹرش نے بدھ کو اردن میں عرب لیگ کے اٹھائیسویں سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے بعض ملکوں کے سربراہ، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں-

انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ بعض ترقی یافتہ ممالک ،پناہ گزینوں پر اپنی سرحدیں بند کر دیتے ہیں، پناہ گزینوں کے سلسلے میں معاہدوں کی پابندی کرنے کا مطالبہ کیا-

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پائدار امن کے لئے دنیائے عرب کے ساتھ تعاون کے لئے اس ادارے کی آمادگی کی خبر دی اور کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شام کے موجودہ حالات کو ٹھیک کیا جائے- 

گوٹرش نے امید ظاہر کی کہ بحران شام کے حل کے سلسلے میں جنیوا مذاکرات حتمی راہ حل پر منتج ہوں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پائدار سیاسی راہ حل تک پہنچنے کے لئے جھڑپوں کا سلسلہ بند ہونا ضروری ہے-

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غرب اردن میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کے سلسلے میں اس ادارے کا موقف برقرار رہنے پر تاکید کی اور کہا کہ خود مختار فلسطینی مملکت کی تشکیل کے سوا کوئی بھی راستہ، جھڑپوں اور عدم استحکام کا سلسلہ جاری رہنے پر منتج ہو گا-

واضح رہے کہ عرب لیگ کا اٹھائیسواں سربراہی اجلاس بدھ کو اردن کے بحرالمیت علاقے میں شروع ہو گیا-

 

ٹیگس