شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے سربراہان نے باہمی گفتگو میں شام پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزيد تیز کرنے پر تاکید کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری اور روس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل والری گریسیموف نے ٹیلیفون پر شام کی تازہ ترین صورتحال اور شام پر امریکی میزائل حملے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ جنرل باقری نے شام میں امریکی میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دہشت گردوں کی حمایت میں مستقل ممالک کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ جنرل باقری نے کہا کہ شامی حکومت اور عوام کو دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں مل رہی ہیں اور امریکہ ان کی کامیابیون کو روکنے کے لئے دہشت گردوں کی آشکارا حمایت کررہا ہے۔ جنرل باقری نے روس میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے روسی حکومت اورعوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا اور کہا کہ دہشت گردوں کو بعض خاص مالک کی جانب سے بھر پور حمایت حاصل ہے۔
روسی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے خان شیخون پر کیمیائی حملے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے مشکوک واقعہ پر تحقیق کے بجائے اسے بہانہ بنا کر شام پر میزائلوں سے حملہ کیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ شام پر حملہ امریکہ کی پہلے سے سوچی سمجھی پالیسی کا حصہ تھا۔ ایران اور روس کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے سربراہان نے باہمی گفتگو میں شام پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزيد تیز کرنے پر تاکید کی ہے۔