Apr ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • امریکہ: اسکول میں فائرنگ 4 افراد ہلاک و زخمی

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے اسکول میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان برنارڈینو کے ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کلاس روم میں کی گئی جس کی زد میں آنے سے ہلاک ہونے والے ممکنہ طور پر طالب علم ہوسکتے ہیں۔

پولیس حکام نے واقعے کو قتل کے بعد خودکشی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے مزید دو افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

سان برنارڈینو کے پولیس چیف جاروڈ بُرگوان کا ٹوئیٹر پر کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور نے فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی جس کے بعد اب مزید کوئی خطرہ نہیں، جبکہ 2 زخمی طلبا کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ علاقے میں پولیس کی جانب سے آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2015 میں بھی سان برنارڈینو میں قائم معذور افراد کے سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران فائرنگ کا ایک واقعہ رونما ہوا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوئے تھے۔

 

ٹیگس