Apr ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کی امریکہ کو ایٹمی حملےکی دھمکی

امریکی طیارہ بردار بحری بیڑہ جزیرہ نمائے کوریا کے قریب پہنچنے پر شمالی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ پیانگ یانگ کو اگر جارحیت کا نشانہ بنایا گیا تو ایٹمی حملے کی صورت میں جواب دیا جائے گا۔

امریکہ کی جانب سے ممکنہ حملے پر شمالی کوریا نے ایٹمی حملہ کرنے کی یہ دھمکی ایسی حالت میں دی ہے کہ جاپان کے ذرائع ابلاغ نے امریکی بحری بیڑے میں جاپانی بحریہ کے دو بحری جہازوں کے شامل ہونے کی خبر دی ہے۔
ماہرین نے امریکی بحری بیڑہ جزیرہ نمائے کوریا روانہ کئے جانے کو پیونگ یانگ کے خلاف ایک ایسے ملک کی جانب سے طاقت کی نمائش سے تعبیر کیا ہے جو شمالی کوریا کے میزائل و جوہری پروگرام سے تشویش میں مبتلا ہوا ہے۔
شمالی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پیانگ یانگ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ جزیرہ نمائے کوریا میں امریکی اقدامات سے شمالی کوریا ہرگز مرعوب نہیں ہو گا۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر نے اپنے دورہ آسٹریلیا میں شمالی کوریا کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اس کے خلاف فوجی حملے سمیت تمام آپشن موجود ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت امریکہ نے شمالی کوریا کے ایٹمی تجربات پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ پیانگ یانگ نے ان تجربات کو امریکہ اور جنوبی کوریا کی ممکنہ جارحیت کے مقابلے میں دفاعی اقدام سے تعبیر کیا ہے۔