Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی حکام کے بیانات

امریکی حکومت نے کہا ہے کہ جب تک ایٹمی معاہدے کا از سرنو جائزہ لینے کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا اس وقت تک واشنگٹن اس معاہدے پر عمل کرتا رہے گا-

امریکی دفترخارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ واشنگٹن ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے تعلق سے اپنے وعدے پر فی الحال قائم ہے-

انہوں نے ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے بارے میں بھی، جو منگل کو ہو رہا ہے، کہا کہ یہ اجلاس طے شدہ پروگرام کے تحت ہو رہا ہے-

امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے سبھی وعدوں پر عمل کیا ہے-

یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے یہ دعوی کرتے ہوئے کہ ایران نے معاہدے کی ماہیت کی خلاف ورزی کی ہے، ایٹمی معاہدے سے واشنگٹن کے نکل جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا تھا-

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی چند روز قبل امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر کے نام ایک خط ارسال کر کے اعتراف کیا تھا کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر پوری طرح عمل کیا ہے-

یاد رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے چودہ جولائی دو ہزار پندرہ میں ایٹمی معاہدے پر دستخط کئے تھے۔