Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۸ Asia/Tehran
  • جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی جاری رہنے کی بابت اقوام متحدہ کا انتباہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی جاری رہنے کے سلسلے میں خبردار کیا ہے- دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ شمالی کوریا کے آئندہ ایٹمی و میزائلی تجربات سے نمٹنے کے لئے تمام آپشن زیر غور رہیں گے۔

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹرش نے جزیرہ نما کوریا کے بحران کے بارے میں کہا ہے کہ اس علاقے میں کسی بھی قسم کی جنگ کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے-

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اس اجلاس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کم کرنے اور پرامن راہ حل کے حصول کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کرے-

اینٹونیو گوٹرش نے پیونگ یانگ سے اپیل کی کہ وہ مزید نئے ایٹمی تجربات یا میزائلی تجربات سے اجتناب اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پابندی کرے-

اس وقت جزیرہ نما کوریا کی صورت حال امریکہ کی یکطرفہ، دشمنانہ اور اشتعال انگیز پالیسیوں کی بنا پر انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے-

واشنگٹن، شمالی کوریا سے ایٹمی اور فوجی تجربات روکنے کا مطالبہ کر رہا ہے- پیونگ یانگ نے بھی بارہا تاکید کی ہے کہ جب تک واشنگٹن اور اس کے اتحادی ممالک شمالی کوریا کے خلاف اپنی دھمکیاں جاری رکھیں گے اس وقت تک وہ بھی اپنی فوجی طاقت کو مزید مضبوط بناتا رہے گا-

درایں اثنا امریکی وزیرخارجہ نے ایک بار پھر شمالی کوریا کے خلاف اپنی دشمنانہ پالیسیاں جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے آئندہ ایٹمی و میزائلی تجربات سے نمٹنے کے لئے تمام آپشن زیر غور رہیں گے-

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں جو شمالی کوریا کے ایٹمی و میزائلی پروگراموں کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہوا تھا، دعوی کیا  کہ سیؤل یا ٹوکیو پر شمالی کوریا کے ایٹمی حملے کا خطرہ حقیقی ہے اور جلد یا بدیر شمالی کوریا میں امریکہ پر ایٹمی حملہ کرنے کی توانائی پیدا ہو جائے گی-

ریکس ٹلرسن نے، جو سلامتی کونسل کے اجلاس کی بھی سربراہی کر رہے تھے، اقوام متحدہ سے پیونگ یانگ کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا-

ابھی حال ہی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی شمالی کوریا کو دھمکی دی تھی اور پیونگ یانگ کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا- امریکہ نے گذشتہ دنوں اپنا جنگی بحری بیڑا بھی جزیرہ نما کوریا کی جانب روانہ کیا ہے-

واشنگٹن مسلسل شمالی کوریا سے اپنے فوجی اور ایٹمی تجربات روکنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے تاہم پیونگ یانگ نے بھی ہمیشہ زور دیا ہے کہ جب تک امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک، شمالی کوریا کو دھمکی دیتے رہیں گے اس وقت تک وہ بھی اپنی فوجی طاقت اور پیشگی حملے کی صلاحیت بڑھانے کی کوشش جاری رکھے گا-

 

ٹیگس