May ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف امریکا کے مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ  جاری

امریکی حکومت نے ایران کے خلاف اپنے مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تہران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں

ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنے مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایران کے سات شہریوں اور ایرانی اور چینی کمپنیوں پر پابندی عائد کردی ہے- امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن نے ایران کے دفاعی شعبے کے دو افراد ایک ایرانی کمپنی اور چین میں متعین اس نیٹ ورک کے ارکان پر پابندی عائد کردی ہے جو ایران کے میزائلی پروگرام کی مدد کرتے ہیں - ایران کے خلاف یہ پابندیاں اسی دن عائد کی گئیں جب امریکی صدر ٹرمپ نے یہ اعلان کیا کہ وہ ایٹمی معاہدے کے دائرہ کار میں ایران کے خلاف بعض پابندیوں کو بدستور معلق رکھیں گے - واضح رہے کہ ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کے خلاف ایٹمی مسائل کو بہانہ بناکر عائد کی گئی پابندیوں کو ختم کرنا امریکا کے لئے ضروری ہے - امریکا کے متنازعہ صدر ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد واشنگٹن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنی مخاصمانہ پالیسیاں اور زیادہ سخت کردی ہیں- امریکی حکام کا دعوی ہے کہ ایران کے میزائلی تجربات سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کے خلاف ہیں جبکہ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ کی نمائندہ نبیلہ مسرالی نے ابھی حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے میزائلی تجربات ایٹمی معاہدے کے منافی نہیں ہیں - اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی بارہا اعلان کیا ہے کہ اس کے بیلیسٹک میزائل ایٹمی وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں اور اس کو ایٹمی ہتھیار بنانے کی بھی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس سلسلے میں رہبرانقلاب اسلامی کا فتوی ہے کہ ایٹمی ہتھیار رکھنا اور بنانا حرام ہے - ایران کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ وہ خود کو این پی ٹی کا بھی پابند سمجھتا ہے -

ٹیگس