May ۲۴, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
  • مانچسٹر: مسجد کو نذرِآتش کرنے کی کوشش

شرپسندوں نے مانچسٹر کی ایک اہم مسجد کو نذرِآتش کرنے کی کوشش کی اوراس دوران مسجد کے دروازے پر آتش گیر مادہ پھیکنا گیا۔

گریٹر مانچسٹر کے علاقے اولڈہم میں واقع جامعہ قاسمیہ زاہدیا اسلامی مرکز اور مسجد پر جب حملہ کیا گیا تو اس وقت مسجد کے اندر کوئی موجود نہ تھا۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ روز مانچسٹر ارینا میں ہونے والے خود کش حملے کا ردِعمل ہوسکتی ہے۔

واقعے کے بعد تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد کے لکڑی کے دروازے کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی جس سے دروازہ بری طرح متاثر ہوا اس کے علاوہ دروازے کے قریب فرش پر بھی آگ لگنے کے نشانات واضح ہیں۔

ادھرکنسرٹ کے دوران خود کش حملے میں ملوث  حملہ آور کی شناخت سلمان عبیدی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق لیبیا سے بتایا جاتا ہے۔

مانچسٹر پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سلمان عبیدی کی عمر 22 سال ہے اور اس کا خاندان لیبیا کے سابق صدر معمرقذافی کے دور میں برطانیہ آیا،سلمان عبیدی 1994 میں  مانچسٹر میں پیدا ہوا جب کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سلمان  کا خاندان معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد واپس چلاگیا تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ مانچسٹرارینا کے سٹی سینٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے کے کنسرٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جب کہ 60 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

 

ٹیگس