Jun ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • لندن میں مسلمانوں سے یکجہتی کے لیے اجتماع

سیکڑوں برطانوی شہریوں نے فنز بری پارک مسجد کے سامنے جمع ہو کر، حالیہ دہشت گردانہ واقعے میں متاثر ہونے والے مسلمانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

منگل کی شام ہونے والے اجتماع میں شریک لوگوں نے فنز بری پارک مسجد کے سامنے شمعیں روشن کیں اور پھول چڑھائے۔
انہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے واقعے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کے نعرے درج تھے۔

برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن بھی اس اجتماع میں شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں حکمراں کنزرویٹو پارٹی پر ملک میں نفرتوں کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی قدامت پسندانہ پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف طبقات کے درمیان فاصلوں میں اضافہ اور دہشت گردانہ حملوں کے لیے ماحول سازگار ہو رہا ہے۔
فنزبری مسجد کے سیکریٹری محمد کزبار نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی قسم کا دہشت گردانہ حملہ مسلمانوں کے درمیان شگاف ڈالنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز ایک وین ڈرائیور نے فنز بری پارک مسجد سے نماز پڑھ کر باہر نکلنے والوں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

ٹیگس