Jun ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • افغانستان و پاکستان کے لئے امریکی ایلچی کا عہدہ ختم

امریکا کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان نے اچانک عہدہ چھوڑ دیا جس کے بعد امریکا کی جانب سے قائم کیا جانے والا یہ اہم ترین عہدہ خالی ہوگیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ خوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان لوریل ملر نے عہدے چھوڑ دیا ہے جب کہ ان کے متبادل کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان ہیتھرنوریٹ نے بتایا کہ ملر رینڈ  محکمے میں اپنی پرانی پوزیشن پر واپس جارہے ہیں جب کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے اب تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اب اس عہدے کا کیا کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ جب سے ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر بنے ہیں وہ سفارتی اخراجات میں کمی چاہتے ہیں اور امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن متعدد خصوصی ایلچیوں کی ذمہ داریاں ختم کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔

ملراب امریکی محکمہ خارجہ کے ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے لیے فرائض انجام دیں گے جو کہ صرف پاکستان اور افغانستان نہیں بلکہ ہندوستان سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے معاملات پر نظر رکھتا ہے ۔

ٹیگس