Jul ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • فلسطین کی حمایت پر امریکہ یونیسکو سے ناراض

امریکہ نے یونیسکو کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

امریکہ نے غاصب صیہونی حکومت کی ہمہ گیر حمایت کا ثبوت دیتے ہوئے شہر الخلیل کا نام یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں درج کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس ادارے کے ساتھ اپنے تعلقات پر از سر نو غور کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب نیکی ہیلی نے شہر الخلیل اور حرم ابراہیمی کا نام یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں درج کئے جانے کے بعد دعوی کیا کہ اس فیصلے سے اقوام متحدہ کے تعلیمی، علمی اور ثقافتی ادارے یونیسکو کا اعتبار ختم ہوگیا ہے۔
یونیسکو نے جمعے کو پولینڈ کے شہر کراکف میں ادارے کی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کے اکتالیسویں اجلاس میں غرب اردن کے شہر الخلیل اور حرم ابراہیمی کو یونیسکو کی فہرست میں درج کرنے کے لئے مجوزہ قرارداد کوامریکہ اور اسرائیل کی سخت مخالفت کے باوجود منظوری دے دی۔
امریکہ نے اس سے پہلے دوہزار گیارہ میں فلسطین کو یونیسکو کا رکن تسلیم کئے جانے کے بعد اس عالمی ادارے کی مالی امداد بند کر دی تھی تاہم اس نے اٹھائیس اراکین پر مشتمل اس کی ایگزیکٹیو کمیٹی میں اپنی رکنیت برقرار رکھی ہے۔

 

ٹیگس