Jul ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کے بھاری  فوجی بجٹ کی منظوری

امریکہ کے ایوان نمائندگان نے چھے سو پچانوے ارب ڈالر سے زیادہ کے فوجی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔

ڈیفنس نیوز کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کے ایک سو سترہ ڈیموکریٹ اور دوسو ستا‏ئیس ریپبلکن ارکان نے فوجی بجٹ کے حق میں ووٹ دیئے۔اکیاسی ارکان نے فوجی بجٹ کی مخالفت کی جن میں سے آٹھ کا ری پبلکن پارٹی اور تہتر کا تعلق ڈیموکریٹ سے تھا۔موجودہ فوجی بجٹ میں پچھتر ارب ڈالر کی رقم بیرونی جنگوں اور فوجی کارروائیوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایوان نمائندگان کا منظور کردہ فوجی بجٹ اس سے کہیں زیادہ ہے جس کی حکومت امریکہ نے کانگریس سے درخواست کی تھی۔امریکی ایوان نمائندگان نے بھاری فوجی اخراجات کی ایسے وقت میں منظوری دی ہے جب تعلیم اور صحت کے بجٹ میں کمی کے خلاف امریکہ کے مختلف شہروں میں عوامی مظاہرے کیے جاتے رہے ہیں۔حکومت امریکہ نے معذوروں کے تعلیمی بجٹ میں بھی کمی کردی ہے اور ملک بھر کے بیشتر اسکولوں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیگس